ممبئی: بھارتی میڈیا کے مطابق بالی ووڈ کے کنگ خان کو ایک بار پھرامریکا کے لاس اینجلس ایئرپورٹ پرروک لیا گیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ کے کنگ خان جن کے نہ صرف بھارت میں بلکہ دنیا بھر کروڑوں پرستار موجود ہیں انہیں ایک مرتبہ پھر امریکا کے ایئرپورٹ پر تفتیش کے لئے روک لیا گیا۔ شاہ رخ خان اپنی بیٹی کے ہمراہ جب لاس اینجلس ایئرپورٹ پہنچے تو انہیں امریکی امیگریشن حکام نے روک لیا اور ان سے تفتیش شروع کردی جس پر اداکار نے شدید ناراضگی کا اظہار کیا۔
اس حوالے سے اداکار شاہ رخ خان کا کہنا تھا کہ امریکا میں پرستاروں کی بڑی تعداد موجود ہے ، سیکیورٹی معاملات سمجھتا ہوں اوران کا احترام بھی کرتا ہوں لیکن امریکا آنے پر ہر بار امیگریشن حکام کی جانب سے اس طرح روک لینا افسوس ناک اوردرد سربن گیا ہے۔
دوسری جانب امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ نے شاہ رخ خان سے پوچھ گچھ کے بعد کچھ حاصل نہ ہونے پر معذرت کرلی جب کہ وزیر برائے پارلیمانی امور راجیو شکلا نے کہا کہ شاہ رخ خان کو امریکی سیکورٹی اداروں کی جانب سے بار بار تنگ کرنا مناسب نہیں۔
واضح رہے کہ اپریل 2012 میں بھی شاہ رخ خان کوامریکا میں نیویارک ایئرپورٹ پرروکا گیا تھا جس پربھارت کی جانب سے بھی احتجاج سامنے آیا تھا۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں